تہران (اے بی این نیوز) ایران کی سرکاری فضائی کمپنی ایران ایئر نے امریکی پابندیوں کی دھمکی کے باوجود عراق کے شہر نجف کے لیے پروازیں جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق ایران ایئر کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران، مشہد اور اصفہان سے نجف جانے والی پروازیں پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔
ایران ایئر کے اس اعلان سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود ایران نے نجف کے ساتھ فضائی رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجف ایران سے آنے والے ہزاروں زائرین کے لیے اہم مذہبی مرکز ہے، جہاں وہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے روضۂ اقدس پر حاضری دیتے ہیں۔ اسی وجہ سے ایران اور عراق کے درمیان فضائی آمدورفت میں نجف روٹ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
ایران ایئر کا اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے ایرانی فضائی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق بدھ سے ایرانی فضائی کمپنیوں کو عالمی فضائی سفر سے مؤثر طور پر الگ کرنے کے لیے اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
امریکا نے بیرونِ ملک ان کمپنیوں اور اداروں کو بھی ثانوی پابندیوں کی دھمکی دی ہے جو ایرانی فضائی کمپنیوں کو ایندھن، لینڈنگ یا دیگر ضروری سہولیات فراہم کرتے ہیں۔
ممکنہ پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی طیاروں کو بیرونِ ملک ایندھن، ہوائی اڈوں کی سہولیات اور دیگر خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، تاہم ایران ایئر نے فی الحال نجف کے لیے پروازوں کے شیڈول میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوں میں بڑا ردوبدل، نیا نوٹیفکیشن جاری















