اہم خبریں

وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم،عوام کو کیا سہولتیں مل رہی ہیں؟

وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم،عوام کو کیا سہولتیں مل رہی ہیں؟

اسلام آباد (اے بی این نیوز) مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت کی جانب سے وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں رکھنے والے صارفین کو پٹرول پر براہِ راست مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

اسکیم کے تحت 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر تک پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جا رہی ہے، جس سے ماہانہ زیادہ سے زیادہ 3 ہزار روپے تک ریلیف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی صارفین کے لیے بھی پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت مقرر کی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے عوامی تجاویز اور موصول ہونے والے ردِعمل کی بنیاد پر اسکیم میں مزید سہولتیں شامل کی گئی ہیں۔ موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی صارفین کے لیے پانچ لیٹر پٹرول خریدنے کی لازمی شرط ختم کردی گئی ہے اور اب انہیں ہفتے میں ایک بار 500 روپے کا رعایتی ٹوکن مل سکتا ہے، جسے ضرورت کے مطابق کسی بھی مقدار میں پٹرول خریدنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی کی اہلیت کی مدت 15 سال سے بڑھا کر 20 سال کردی گئی ہے، جس کے بعد یکم جنوری 2006ء یا اس کے بعد رجسٹرڈ گاڑیاں بھی اسکیم میں شامل ہوگئی ہیں۔

اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل ایس ایم ایس کے ذریعے رکھا گیا ہے۔ شہری 9771 پر مخصوص طریقہ کار کے مطابق پیغام بھیج کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، جبکہ پٹرول حاصل کرنے سے قبل اسی نمبر پر ’’ٹو کے‘‘ پیغام بھیج کر فیول ٹوکن حاصل کیا جا سکتا ہے۔ رجسٹریشن کے لیے ایس ایم ایس سروس بھی مفت کردی گئی ہے۔

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق گاڑیوں کی تصدیق صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز محکموں کے ریکارڈ، شناختی کارڈ اور موبائل سم کی معلومات کے ذریعے خودکار نظام سے کی جا رہی ہے، جبکہ پٹرول پمپ پر ٹوکن کی تصدیق کے بعد رعایت فراہم کی جاتی ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اسکیم کے ذریعے کم آمدن والے اور محنت کش طبقے کو بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے اثرات سے جزوی ریلیف فراہم کرنا مقصود ہے۔ عوامی رائے اور عملی مشکلات کی بنیاد پر اسکیم میں تبدیلیوں کا عمل بھی جاری رکھا گیا ہے تاکہ اہل شہری اس سہولت سے زیادہ آسانی سے فائدہ اٹھا سکیں۔

حالیہ تبدیلیوں کے بعد موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی صارفین کے لیے کم مقدار میں پٹرول خریدنے کے باوجود 500 روپے کے ہفتہ وار ریلیف سے فائدہ اٹھانا ممکن ہوگیا ہے، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر تک رعایتی پٹرول کی سہولت برقرار ہے۔
مزید پڑھیں‌:اسلام آباد میں احتجاج، مولانا فضل الرحمان کا بڑا مطالبہ سامنے آگیا

متعلقہ خبریں