اہم خبریں

بجلی صارفین کے لیے بڑی خبر، حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا

بجلی صارفین کے لیے بڑی خبر، حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت آج سے بجلی کی خریداری سے عملی طور پر باہر ہو رہی ہے، اب بجلی پیدا کرنے والے اور استعمال کرنے والے براہِ راست بجلی کی خرید و فروخت کرسکیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ آئندہ 5 سال کے دوران 800 میگاواٹ بجلی کی نیلامی کی جائے گی، جبکہ پہلے مرحلے میں 400 میگاواٹ بجلی نیلامی کے لیے پیش کی جارہی ہے۔

اویس لغاری کے مطابق کاروباری ادارے اور صنعتیں مسابقتی بنیادوں پر بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں سے بجلی خرید سکیں گی، جس سے بجلی کی خرید و فروخت کے موجودہ نظام میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت حکومت ایک نظام کے تحت بجلی خرید کر صارفین تک پہنچاتی ہے، تاہم بجلی کی خریداری کی شرائط سے متعلق عوام کے ہمیشہ سوالات رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کا نام بھی اب بدنام ہوچکا ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت بجلی کی خریداری سے عملی طور پر باہر ہورہی ہے اور کسی کو یہ حق نہیں ہوگا کہ وہ حکومت کو بجلی فروخت کرے، اسی طرح حکومت بھی بجلی خریدنے کی پابند نہیں ہوگی۔ نئے نظام کے تحت ملک میں بجلی پیدا کرنے والے اور استعمال کرنے والے آپس میں براہِ راست خرید و فروخت کرسکیں گے۔

وفاقی وزیر کے مطابق بجلی کی خرید و فروخت کا نیا نظام شفافیت پر مبنی ہوگا اور اس کا اطلاق پہلے مرحلے میں صنعتی اور بڑے بجلی صارفین پر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں ملک میں بجلی کی باقاعدہ منڈی قائم ہوگی، جہاں عام صارف بھی اپنی ضرورت کے مطابق بجلی خرید سکے گا۔ حکومت بجلی خرید کر اپنے مقرر کردہ نرخوں پر صارفین کو فروخت کرنے کے موجودہ طریقہ کار سے باہر نکلے گی۔

اویس لغاری نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایک میگاواٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین اس نظام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ سستی بجلی دستیاب ہونے سے صنعتوں کو عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھنے میں مدد ملے گی اور پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں بھی بہتری آسکے گی۔
مزید پڑھیں‌:پمزسانحہ کے بعد این آئی سی ایچ میں بھی نومولود بچوں کو سنگین خطرات لاحق

متعلقہ خبریں