اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزارت صحت کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
قومی چینل کے مطابق مطابق وزارت کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پولی کلینک اسپتال تا حکم ثانی ہائی الرٹ رکھنے کا مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پولی کلینک میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلیے خصوصی ڈیوٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس کو شہر نہ چھوڑنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جب کہ پولی کلینک کے ڈاکٹر تنویر افسر کو ایمرجنسی صورتحال کیلیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
پولی کلینک کے بلڈ بینک میں 100 بیگ خون کا ذخیرہ رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایمبولینسز کو ہمہ فعال اور تیار رکھنے، ادویات اور طبی سامان کا وافر ذخیرہ رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مراسلے کے مطابق پولی کلینک کا شعبہ ایمرجنسی تا حکم ثانی ہائی الرٹ رہے گا اور اس میں مرد و خواتین کیلیے 20 بیڈز مختص رہیں گے۔ ایمرجنسی میں آکسیجن گیس کا وافر ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پولی کلینک آفیسر وارڈ میں ہنگامی صورتحال کیلیے دو کمرے مختص کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ لیوی کے خاتمے کے لیے آج سے جماعت اسلامی نے کراچی سے اسلام آباد ٹرین مارچ کا آغاز کر دیا ہے۔ کسان اتحاد نے 25 مارچ کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی نے بھی 27 مارچ کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کیا ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کی بہن علیمہ خان کو گرفتار کرلیا گیا















