اہم خبریں

دکانوں سے ریسٹورنٹس تک نئے اوقات کار، حکومت کا نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں کے لیے پٹرول کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کی گئی ہے، جس کا اطلاق ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے تحت سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر تین ماہ کے لیے پابندی ہوگی۔ سرکاری اجلاسوں کے انعقاد کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ سفری اور دیگر اخراجات میں کمی لائی جاسکے۔

حکومت نے سرکاری سطح پر ہونے والی تقریبات کے اخراجات محدود کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں کی میزبانی پر مکمل پابندی ہوگی۔ اسی طرح حکومتی فنڈز سے منعقد ہونے والے سرکاری سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز بھی نہیں کیے جائیں گے۔ ناگزیر سرکاری تقریبات کے لیے سرکاری آڈیٹوریم اور کمیٹی رومز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کفایت شعاری اقدامات کے تحت شادی کی تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دکانیں، مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات کو رات 10 بجے تک بند کرنا ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی سہولت اس پابندی سے مستثنیٰ رہے گی۔

ضروری خدمات سے متعلق شعبوں کو مقررہ اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، میڈیکل لیبارٹریز اور پٹرول پمپس کے علاوہ بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور جم بھی اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

متعلقہ خبریں