اہم خبریں

پیٹرول ریلیف پروگرام دو حصوں پر مشتمل ،پہلے مرحلے میں رجسٹریشن ہوگی،شزا فاطمہ

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے شہریوں کو پیٹرول ریلیف فراہم کرنے کے لیے پروگرام کا اجرا کیا ہے، جس کے تحت 2 ویلر، 3 ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی۔

وفاقی وزرا عطا تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ ٹو ویلر کے لیے 20 لیٹر پیٹرول جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑی کے لیے 30 لیٹر پیٹرول پر ریلیف دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پروگرام میں توازن رکھا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ پیٹرول ریلیف پروگرام دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں شہریوں کو رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سم سے سی این آئی سی نمبر بھیجنا ہوگا، اس کے بعد بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

شزا فاطمہ خواجہ کے مطابق شہری کو اپنے صوبے یا شہر کی تفصیل بھی دینا ہوگی، جبکہ صوبہ وہی درج کرنا ہوگا جہاں گاڑی یا بائیک رجسٹرڈ ہے۔

گاڑی یا بائیک کی رجسٹریشن کی تاریخ بھی ضروری ہوگی اور اس سلسلے میں متعلقہ کاغذات شہری کے پاس موجود ہونا لازمی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر فراہم کردہ معلومات میں کوئی کمی ہوئی تو شہری کو پیغام کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ کون سی معلومات نامکمل ہیں۔ یہ رجسٹریشن کا عمل صرف ایک مرتبہ کرنا ہوگا اور اس کے بعد شہری پروگرام میں رجسٹرڈ ہوجائے گا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ رجسٹریشن کے بعد جب شہری پیٹرول لینے جائے گا تو اسے 9771 پر TOK لکھ کر پیغام بھیجنا ہوگا۔

شزا فاطمہ خواجہ نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کبھی بھی پیغام کے ذریعے ٹوکن نمبر یا رجسٹریشن کے پیسے نہیں مانگے گی۔

شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر یا کسی بھی قسم کا ڈیٹا کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت شہریوں سے نہ کوئی ڈیٹا مانگے گی اور نہ ہی کوئی چارجز وصول کرے گی۔
مزیدپڑھیں: پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا فیول ریلیف اسکیم پر تحفظات کا اظہار

متعلقہ خبریں