ڈیرہ بگٹی (اے بی این نیوز) بلوچستان سے تعلق رکھنے والی معروف مقامی لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کو ڈیرہ بگٹی میں مبینہ طور پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مائی صوبھائی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مائی صوبھائی کے قتل کے محرکات کے بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مائی صوبھائی کو اپنی گلوکاری اور فنی سرگرمیوں کے باعث بعض حلقوں کی مخالفت کا سامنا تھا، تاہم ان کے قتل کو اسی وجہ سے منسوب کرنے کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
پولیس کی جانب سے بھی ملزمان کی شناخت، گرفتاری یا قتل کی حتمی وجہ کے حوالے سے کوئی حتمی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔
واقعے پر فنونِ لطیفہ سے وابستہ حلقوں میں بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں ہلچل، سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ















