اسلام آباد (اے بی این نیوز) مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہوگئی ہیں، جس کے باعث محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا آخری اسپیل آج دوپہر کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش متوقع ہے۔
مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں موسم مزید سرد اور خنک ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، پشاور، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے علاقوں جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور گجرات میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 6 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
شہریوں اور مسافروں کو بارش کے دوران احتیاط برتنے اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے وقت موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:عمران خان کی ہسپتال منتقلی کیس، سپریم کورٹ سے بڑی خبر سامنے آگئی















