کراچی (اے بی این نیوز) ایرانی ریال کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی کرنسی نئی تاریخی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
تازہ اوپن مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق 25 اگست کو ایک امریکی ڈالر کی قیمت تقریباً 20 لاکھ 54 ہزار ایرانی ریال تک پہنچ گئی، جو ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ 24 اگست کو ڈالر تقریباً 20 لاکھ 27 ہزار ایرانی ریال میں ٹریڈ کر رہا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے آغاز میں ایک امریکی ڈالر تقریباً 15 لاکھ 30 ہزار ایرانی ریال کے برابر تھا، یوں چند ماہ کے دوران ایرانی کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایرانی ریال کی قدر میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی دباؤ اور پابندیوں میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف نئی پابندیوں اور مالی دباؤ کی مہم کا اعلان کرتے ہوئے اسے ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ قرار دیا ہے۔
امریکی اقدامات کے تحت ایران کے ساتھ مالی اور تجارتی روابط رکھنے والے ممالک اور اداروں کو بھی ممکنہ کارروائی سے خبردار کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکی پابندیوں، بلند افراط زر، تیل کی برآمدات میں مشکلات اور کمزور معاشی سرگرمیوں سمیت مختلف عوامل ایرانی معیشت پر دباؤ بڑھا رہے ہیں۔ ریال کی قدر میں مزید کمی کی صورت میں درآمدی اشیا مہنگی ہونے اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں سرکاری اور اوپن مارکیٹ کے زرِ مبادلہ نرخوں میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ کا نرخ عام صارفین اور کاروباری سرگرمیوں پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: آج 27 اگست پاکستان کے مختلف شہروں میں سولر پینلز کی قیمتیں














