راولپنڈی (اے بی این نیوز) اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں، جبکہ جیل کے اطراف سیکیورٹی بھی سخت کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جا رہی ہے جبکہ جیل کے اندر بھی بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کے حوالے سے ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹس میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ عمران خان کو آج رات سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے اور علاج کے لیے دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
حکومت کی جانب سے عدالتی حکم کے خلاف نظرثانی درخواست بھی دائر کی گئی تھی، تاہم رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراضات کے ساتھ واپس کردی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے لیے رات 12 بجے تک کا وقت ہے اور اس حوالے سے انتظامات کی ذمہ داری اسلام آباد انتظامیہ پر ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی واضح کیا ہے کہ عدالتی حکم پر مقررہ وقت میں عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:سونا چاندی مہنگے، آج کی نئی قیمتیں سامنے آگئیں















