لاہور (اے بی این نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قذافی سٹیڈیم لاہور کی پچ کو دیا گیا ایک ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پچ ریٹنگ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی، جس پر آئی سی سی اپیل پینل نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد ڈی میرٹ پوائنٹ منسوخ کردیا۔
قذافی سٹیڈیم کی پچ کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 جون کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کے بعد ’’غیر تسلی بخش‘‘ قرار دیا گیا تھا اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔ تاہم پی سی بی کی اپیل پر اپیل پینل نے یہ فیصلہ واپس لے لیا۔
آئی سی سی اپیل پینل نے میچ کی ویڈیو، میچ ریفری کی رپورٹ اور دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے تبصروں کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ پچ پر غیر معمولی ناہمواری یا ضرورت سے زیادہ اسپن نہیں تھی۔
ڈی میرٹ پوائنٹ ختم ہونے کے بعد قذافی سٹیڈیم کا ریکارڈ اب صفر ڈی میرٹ پوائنٹس پر آگیا ہے، جس سے پاکستان کرکٹ کے لیے یہ ایک اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:ڈیزل سستا، ٹرانسپورٹ کرائے کم کرنے کا حکم جاری،عوام کے لیے اہم خبر















