اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے موسلادھار بارش، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات سے آگاہ کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
20 اگست تک اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 20 اگست کے دوران موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
اس دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش متوقع
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، خیبر، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، ہنگو، اورکزئی، کرک، کرم اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب میں بھی بارشوں کی پیشگوئی
پنجاب کے بیشتر اضلاع راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گجرات، جہلم، منگلا، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، میانوالی اور فیصل آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ جنوبی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم شمال مشرقی اضلاع اور ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کشمیر میں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو موسلادھار بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر، بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس سامنے آگئیں















