اہم خبریں

حج 2027 کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

اسلام آباد: حج 2027 درخواستیں جمع کرانے کے خواہش مند پاکستانی عازمین کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق درخواستیں 17 اگست کے بجائے اب 18 اگست 2026 سے وصول کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق درخواستیں مقررہ بینک کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی، جبکہ درخواست کے ساتھ حج اخراجات کی پہلی قسط بھی ادا کرنا ہوگی۔ درخواستوں کی وصولی کوٹے کی تکمیل تک جاری رہے گی اور مقررہ تعداد مکمل ہونے کے بعد مزید درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔

پاکستان کے لیے حج 2027 کا مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد، یعنی ایک لاکھ 7 ہزار 526 افراد کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد، یعنی 71 ہزار 684 عازمین کا کوٹہ رکھا گیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج اخراجات عازمین سے دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔ درخواست جمع کراتے وقت پہلی قسط ادا کرنا ہوگی، جبکہ باقی رقم بعد میں مقررہ طریقہ کار کے تحت جمع کرائی جائے گی۔

حج 2027 کے انتظامات کے حوالے سے حکومت نے نجی حج اسکیم کے لیے پالیسی بھی جاری کر رکھی ہے، جس کا مقصد حج آپریشن کو منظم اور عازمین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

حج پر جانے کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ درخواست جمع کرانے سے پہلے پاسپورٹ، شناختی دستاویزات اور دیگر مطلوبہ کاغذات مکمل رکھیں تاکہ مقررہ مدت میں درخواست دینے میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

متعلقہ خبریں