کراچی (اے بی این نیوز) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو وہ ملک بھر کے پیٹرول پمپ بند کردیں گے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو وہ ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کردیں گے۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز 15 اگست کی صبح 6 بجے سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال پر جائیں گے اور جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں ہوتے پیٹرول پمپ دوبارہ نہیں کھولیں گے۔
پیٹرولیم ڈیلرز نے پیٹرول پر مارجن 8 فیصد تک بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ ہڑتال کا فیصلہ ملک بھر کے پیٹرولیم ڈیلرز کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں ملک بھر سے ڈیلرز نے شرکت کی۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔ ہم پر 14 ہزار ممبران کا دباؤ ہے۔ حکومت مطالبات تسلیم کرے بصورت دیگر 15 اگست کی صبح 6 بجے سے پٹرول پمپس پر کاروبار بند کر دیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں:محسن نقوی کا دورہ ایران، آبنائے ہرمز کے معاملے پر بڑا فیصلہ متوقع















