لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے انگلینڈ پہنچ چکی ہے، جہاں قومی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں پہلے ٹیسٹ میں 19 اگست کو ہیڈنگلے، لیڈز میں انگلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کو اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم کو انگلش میڈیا سے دور رکھنے کی حکمت عملی اپنائی جانی چاہیے۔
راشد لطیف، جو 1992، 1996 اور 2001 میں پاکستان ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کا دورہ کرچکے ہیں، کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا دورہ ہمیشہ ایک مشکل دورہ ہوتا ہے، جہاں انگلش میڈیا بعض اوقات مہمان ٹیم کو غیر ضروری خبروں اور بحث میں الجھانے کی کوشش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر ان کی خصوصی نظر ہوگی۔ بابر اعظم تجربہ کار کھلاڑی ہیں، اس لیے بہتر ہوگا کہ پی سی بی انتظامیہ انہیں غیر ضروری میڈیا سرگرمیوں سے دور رکھے تاکہ وہ اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھ سکیں۔
راشد لطیف نے مشورہ دیا کہ انگلش میڈیا کے سامنے زیادہ تر سابق کپتان شان مسعود کو بھیجا جائے، کیونکہ وہ انگلینڈ میں کھیل چکے ہیں اور وہاں کے میڈیا سے بات کرنے کا بہتر تجربہ رکھتے ہیں۔
سابق کپتان کے مطابق شان مسعود کے علاوہ امام الحق اور محمد عباس بھی میڈیا ذمہ داریوں کے لیے اچھے انتخاب ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 19 اگست سے ہیڈنگلے لیڈز میں شروع ہوگا، جبکہ قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں:آئی جی آزاد کشمیر کا اہم پیغام، کشمیری عوام کے لیے بڑی خبر















