لاہور (اے بی این نیوز) طویل عرصے سے قومی ٹیم سے باہر رہنے والے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے پاکستان کرکٹ چھوڑنے سے متعلق زیرِ گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جعلی اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
خوشدل شاہ نے نومبر 2019 میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ وہ اب تک قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 15 ایک روزہ اور 38 ٹی20 بین الاقوامی میچز کھیل چکے ہیں۔
31 سالہ آل راؤنڈر نے گزشتہ سال اے سی سی مینز ٹی20 ایشیا کپ میں آخری مرتبہ گرین شرٹس کی نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے براعظمی ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ کھیلا، جو گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات کے خلاف تھا، جس میں وہ 4 رنز بنا سکے۔

اس کے بعد خوشدل شاہ ایشیا کپ کے بقیہ میچز کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے اور بعد ازاں انہیں قومی اسکواڈ سے بھی باہر کر دیا گیا۔
قومی ٹیم سے باہر رہنے کے دوران گزشتہ روز انٹرنیٹ پر دو ماہ پرانا ایک انٹرویو دوبارہ گردش کرنے لگا، جس میں قومی ٹیم کے ایک اور آل راؤنڈر عباس آفریدی نے دعویٰ کیا تھا کہ خوشدل شاہ نے انہیں بتایا تھا کہ ان کے پاس تقریباً چار ماہ باقی ہیں اور اگر اس عرصے میں انہیں قومی ٹیم میں طلب نہ کیا گیا تو انہیں پاکستان چھوڑنا پڑے گا۔
یہ دعویٰ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلا، جس کے بعد خوشدل شاہ کے پاکستان کے لیے اپنے پیشہ ورانہ کرکٹ کیریئر کو خیرباد کہنے سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
تاہم خوشدل شاہ نے سوشل میڈیا پر ان خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ پاکستان کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری اپنی اسٹوری میں خوشدل شاہ نے زیرِ گردش خبروں کو جعلی اور بالکل بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی ہمیشہ ان کے لیے اعزاز اور اولین ترجیح رہی ہے۔
آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان ان کا گھر ہے اور اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ہمیشہ سب سے بڑا اعزاز رہا ہے۔
خوشدل شاہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں اور ایک مرتبہ پھر پاکستان کرکٹ کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما کے کیس میں بڑا موڑ، معروف ٹک ٹاکر گرفتار















