اسلام آباد (اے بی این نیوز) ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے کیش لیس پاسپورٹ فیس نظام کو مزید آسان، تیز رفتار اور عوام دوست بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاسپورٹ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران محمد علی رندھاوا نے کیش لیس ادائیگی کے نظام کا عملی جائزہ لیتے ہوئے کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے خود پاسپورٹ فیس ادا کی اور نظام کی کارکردگی کو جانچا۔
انہوں نے جدید ڈیجیٹل اور کیش لیس ادائیگی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیس کی ادائیگی کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور تیز بنایا جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور لمبی قطاروں سے نجات مل سکے۔
ڈی جی امیگریشن نے پاسپورٹ ہیڈکوارٹرز کی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ پاسپورٹ ہالز اور شہریوں کی انتظار گاہوں کو ہر وقت صاف، منظم اور آرام دہ رکھا جائے تاکہ عوام کو بہتر ماحول اور سہولت میسر آ سکے۔
مزید پڑھیں:بچوں سے زیادتی کے الزامات کے باوجود سابق وزیر الیکشن جیت گئے















