راولپنڈی: نسیم شاہ نے واضح کیا ہے کہ وہ قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے ہر فارمیٹ میں کھیلنے کو تیار ہیں اور جہاں بھی موقع ملا، پاکستان کے لیے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ جدید کرکٹ میں ہر فارمیٹ کی اپنی الگ نوعیت اور تقاضے ہیں۔ ان کے مطابق ٹی20 کرکٹ میں انہوں نے مختلف مواقع پر تقریباً 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کی، تاہم ایک روزہ اور ٹیسٹ کرکٹ میں حکمت عملی اور انداز مختلف ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ کرکٹ میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں، اس لیے فاسٹ بولرز کو بھی مسلسل اپنے کھیل میں بہتری لانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف رفتار ہی نہیں بلکہ فٹنس، ورک لوڈ مینجمنٹ اور درست منصوبہ بندی بھی کامیابی کے لیے بے حد اہم ہیں۔
نسیم شاہ نے کہا کہ قومی ٹیم میں کون سا کھلاڑی کس فارمیٹ میں کھیلے گا، اس کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا، “میرا کام صرف کرکٹ کھیلنا ہے، جس بھی فارمیٹ میں موقع دیا جائے گا، میں پوری محنت اور جذبے کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔”
قومی فاسٹ بولر نے اس موقع پر پاکستان کی روایتی فاسٹ بولنگ کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پاکستانی فاسٹ بولرز نے عالمی کرکٹ میں اپنی رفتار اور کارکردگی سے منفرد شناخت قائم کی، جسے برقرار رکھنا نئی نسل کی ذمہ داری ہے۔
نسیم شاہ نے اپنے چھوٹے بھائیوں حنین شاہ اور عبید شاہ کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں باصلاحیت بولرز ہیں اور انہیں اچھی بولنگ کرتے دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تینوں بھائی ایک ساتھ بولنگ کرتے ہیں تو وہ لمحہ ان کے لیے ہمیشہ یادگار بن جاتا ہے۔















