اسلام آباد (اے بی این نیوز) کویت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک فوجی تربیت، تعلیم، لاجسٹکس، فوجی مدد اور مسلح افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دیں گے جب کہ فوجی اہلکاروں اور ماہرین کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
کویت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی تفصیلات باضابطہ طور پر جاری کر دیں۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان 2023 میں ہوا تھا جسے اب کویتی حکومت نے سرکاری گزٹ میں شائع کر دیا ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک فوجی تربیت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کریں گے جب کہ مسلح افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک لاجسٹک اور فوجی امداد میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔
معاہدے کے مطابق فوجی اہلکاروں اور ماہرین کا تبادلہ کیا جائے گا جب کہ سائنسی اور تکنیکی تعاون، ملٹری انٹیلی جنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
دونوں ممالک کھیلوں، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں میں تبادلوں کو بھی فروغ دیں گے اور مشترکہ سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے سالانہ پلان تیار کیا جائے گا۔
معاہدے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خفیہ معلومات کے خاتمے کے بعد بھی اس کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی اختلاف یا تنازعہ کو باہمی مشاورت اور گفت و شنید سے حل کیا جائے گا اور ایسے تنازعات کو بین الاقوامی عدالت انصاف یا کسی تیسرے فریق کو ثالثی کے لیے پیش نہیں کیا جائے گا۔
معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کی باہمی تحریری رضامندی سے معاہدے میں ترمیم کی جا سکتی ہے جبکہ دونوں ممالک کو 70 دن کا تحریری نوٹس دے کر معاہدہ ختم کرنے کا حق ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے اس معاہدے پر 11 جون 2023 کو کویت میں دستخط کیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں:ٹک ٹاکر رجب بٹ ایک بار پھر قانون کی گرفت میں















