لاہور (اے بی این نیوز)سری لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) ایک نئے تنازع کی زد میں آ گئی، جہاں پاکستان ٹی20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹیم سے باہر کیے جانے کے معاملے پر اینٹی کرپشن یونٹ میں شکایت درج کرا دی۔
ذرائع کے مطابق واقعے پر شاہین آفریدی شدید برہم ہوئے اور پاکستان واپس آنے کا فیصلہ بھی کر لیا تھا، تاہم بعد میں لیگ حکام اور فرنچائز انتظامیہ نے معذرت کرتے ہوئے انہیں لیگ میں رکنے پر آمادہ کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق ایل پی ایل کا آغاز ہی تنازعات کے ساتھ ہوا تھا۔ جافنا کنگز کے بھارتی مالک منجوت کارلا کو میچ فکسنگ کے الزامات کے تحت سری لنکا کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے گرفتار کر لیا، جس کے بعد منتظمین نے ٹیم کی ملکیت واپس لے لی اور اب لیگ کے معاملات سری لنکا کرکٹ اور آرگنائزنگ کمپنی کے زیر انتظام چل رہے ہیں۔
حالیہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب ذرائع کے مطابق کینڈی رائلز کی انتظامیہ نے کولمبو کیپیٹلز کے خلاف میچ سے قبل شاہین آفریدی کو بتایا کہ وہ امپیکٹ پلیئر کے طور پر میدان میں اتریں گے۔ تاہم جب ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی تو اننگز کے دوران کوچ نے انہیں آگاہ کیا کہ ٹیم کے تجزیہ کار کی غلطی کے باعث ان کا نام امپیکٹ پلیئرز کی فہرست میں شامل ہی نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے وہ میچ میں حصہ نہیں لے سکتے۔
ذرائع کے مطابق اس صورتحال پر شاہین آفریدی نے حیرت اور ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کے ایک اہلکار کو معاملے سے آگاہ کیا اور وطن واپس جانے کا فیصلہ کر لیا۔ بعد ازاں میچ ریفری، ٹیم انتظامیہ اور لیگ حکام نے مداخلت کی، غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کی اور انہیں ٹورنامنٹ میں شرکت جاری رکھنے پر راضی کر لیا۔
دوسری جانب ایل پی ایل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کے ساتھ پیش آنے والا معاملہ میچ ریفری کو غلط ٹیم شیٹ جمع کرانے کے باعث پیش آیا، اس میں کسی قسم کی بدنیتی شامل نہیں تھی۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے ایونٹ کے پہلے میچ میں ایک وکٹ کے لیے 41 رنز دیے، دوسرے میچ میں 34 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ تیسرے میچ میں 32 رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کی۔ وہ حالیہ میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئر اور عاقب جاوید بھی شریک ہیں، جبکہ پاکستانی امپائر آصف یعقوب بھی ایونٹ میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی،موسم کی تازہ ترین اپڈیٹ















