لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنے اگلے سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔
ون ڈے سیریز 15 مئی سے 26 مئی 2027 کے درمیان کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ ہفتہ 15 مئی کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے 19 مئی کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا میچ 21 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔
چوتھا اور پانچواں ون ڈے بالترتیب 23 مئی کو چیسٹر لی سٹریٹ اور 26 مئی کو کارڈف میں شیڈول ہے۔
Pakistan to tour England for five ODIs in 2027
Details here ➡️ https://t.co/pXPRSD8P9G#ENGvPAK pic.twitter.com/cW2z2aCSmC
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) July 23, 2026
پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز کے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دورے پر ہے جب کہ وہ 19 اگست سے 13 ستمبر کے درمیان کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اگلے ماہ انگلینڈ کا دورہ بھی کرے گی۔
مئی 2027 میں ہونے والی یہ پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے لحاظ سے دونوں ٹیموں کے لیے بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔
یہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 4 اکتوبر سے 21 نومبر تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کی موجودہ ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستانی ٹیم اس وقت پانچویں نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم ساتویں نمبر پر ہے۔
پاکستان نے آخری بار 2021 میں ون ڈے سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا۔ بابر اعظم اس تین میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، انہوں نے تین میچوں میں مجموعی طور پر 177 رنز بنائے، جس میں تیسرے ون ڈے میں ان کی 158 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کا وفاقی حکومت سے اہم مطالبہ سامنے آگیا















