لاہور (اے بی این نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے وزارت توانائی کی ہدایات پر پنجاب حکومت کے مختلف سرکاری محکموں میں جدید اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی مرحلہ وار تنصیب شروع کر دی ہے۔
اس اقدام کا مقصد بجلی کے نظام کو جدید بنانا، شفافیت کو فروغ دینا اور بلنگ کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے۔
لیسکو کے ترجمان کے مطابق منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں اگست تک 1000 (اے ایم آئی )سمارٹ میٹر لگائے جائیں گے۔ اس کے بعد لیسکو ریجن میں پنجاب کے سرکاری اداروں کے 8,342 سنگل فیز نان ( اے ایم آئی) میٹرز کو مرحلہ وار جدید سمارٹ میٹروں سے تبدیل کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کی ریڈنگ، بلنگ اور مانیٹرنگ سسٹم مزید شفاف، تیز اور موثر ہو جائے گا۔
جدید میٹرنگ ٹیکنالوجی سے بجلی کے استعمال کے بارے میں درست معلومات حاصل کرنے، ریکارڈ کو برقرار رکھنے اور نظام کی نگرانی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق اوکاڑہ سرکل میں پنجاب کے سرکاری اداروں میں سب سے زیادہ 1811 نان اے ایم آئی میٹرز ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر جدید سمارٹ میٹرز سے تبدیل کیا جائے گا۔
لیسکو انتظامیہ نے اپنے تمام سرکلز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی فوری الاٹمنٹ کو یقینی بنایا جائے اور تنصیب کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔
لیسکو ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ بجلی کے شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دے گا، انتظامی امور کو بہتر بنائے گا اور صارفین کے لیے بجلی کی فراہمی کے شفاف اور جدید نظام کی بنیاد کو مضبوط کرے گا۔
مزید پڑھیں:ورلڈ کپ فائنل سے متعلق اہم اپڈیٹ،فٹبال شائقین کے لیے بڑی خبر















