اہم خبریں

گوگل نے Pixel 11 کی پہلی جھلک جاری کر دی، 12 اگست کو باضابطہ لانچ ہوگی

کیلیفورنیا (اے بی این نیوز) گوگل نے اپنی نئی Pixel 11 اسمارٹ فون سیریز کی باضابطہ لانچ سے قبل پہلی جھلک جاری کر دی ہے، جس کے بعد ٹیکنالوجی شائقین کا جوش مزید بڑھ گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق Pixel 11 سیریز کو 12 اگست کو نیویارک میں منعقد ہونے والے خصوصی ایونٹ میں متعارف کرایا جائے گا، جبکہ اسی روز ڈیوائسز کی پری آرڈر بکنگ بھی شروع کر دی جائے گی۔

گوگل نے اپنے آن لائن اسٹور پر ایک مختصر ٹیزر ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں پہلی بار نئے Pixel Glow فیچر کی جھلک دکھائی گئی۔ رپورٹس کے مطابق یہ ایک گول شکل کی ایل ای ڈی لائٹ ہوگی، جو مختلف رنگوں میں روشن ہو سکے گی اور نوٹیفکیشنز کو زیادہ نمایاں انداز میں ظاہر کرے گی۔ امکان ہے کہ صارفین مختلف ایپس کے لیے مختلف رنگ بھی منتخب کر سکیں گے، تاہم کمپنی نے اس حوالے سے مکمل تفصیلات ابھی جاری نہیں کیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ گوگل نے باضابطہ طور پر Pixel 11 کے نام کی تصدیق کی ہے، کیونکہ اس سے قبل کمپنی نے اس کا نام سرکاری طور پر ظاہر نہیں کیا تھا۔

گوگل نے امریکی صارفین کے لیے خصوصی پروموشنل آفر کا بھی اعلان کیا ہے۔ اگر صارفین 7 اگست تک گوگل اسٹور پر اپنا ای میل رجسٹر کرائیں گے تو انہیں 12 اگست کو ایک خصوصی پرومو کوڈ موصول ہوگا، جس کے ذریعے وہ 27 اگست تک Pixel 11 سیریز کی خریداری پر خصوصی رعایت یا دیگر آفرز سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق Pixel 11 سیریز میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نئے فیچرز، بہتر کیمرا سسٹم اور جدید سافٹ ویئر تجربہ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جن کی مکمل تفصیلات لانچ ایونٹ کے دوران سامنے آئیں گی۔
مزید پڑھیں: آج پاکستان میں کہاں کہاں بارش ہوگی؟محکمہ موسمیات کی تازہ ترین اپ ڈیٹ

متعلقہ خبریں