کوٹلی (اے بی این نیوز) مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما اور حلقہ کوٹلی سے اسمبلی کے امیدوار سہنسہ راجہ افتخار نے پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔
آزاد کشمیر میں 2026 کے انتخابات میں سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما اور حلقہ کوٹلی سے اسمبلی کے امیدوار سہنسہ راجہ افتخار نے پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
راجہ افتخار نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ آصف کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے راجہ افتخار اور ان کے ساتھیوں کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر امیر مقام کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کو عزت و احترام دیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کشمیر اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر کی ترقی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ صرف ایک امیدوار کو ٹکٹ ملتا ہے۔ تمام پارٹی کارکنان امیدوار کی کامیابی کے لیے متحد ہو جائیں۔
امیر مقام نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اختلافات بھلا کر مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔
امیر مقام نے کہا کہ عزت اور ذلت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ کارکن خلوص نیت سے پارٹی کے لیے کام کریں۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائے گی۔ مانسہرہ مظفرآباد موٹروے سمیت بڑے ترقیاتی منصوبوں پر سنجیدگی سے کام جاری ہے۔ عوام کو سستی بجلی اور دیگر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا رشتہ لازوال ہے، اسے کوئی کمزور نہیں کر سکتا، کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان سے محبت اور وفاداری کا ثبوت دیا ہے، پاکستان مخالف بیانیہ کسی صورت قبول نہیں، قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، افواج پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، پاک فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ پوری دنیا میں مؤثر طریقے سے آزاد کشمیر میں انتخابات طے شدہ شیڈول کے مطابق ضرور ہوں گے۔
راجہ افتخار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ان کے دل کے قریب جماعت رہی ہے، اسی لیے وہ اپنے کارکنوں سمیت ماضی کی تمام سیاسی تلخیوں کو بھلا کر مسلم لیگ (ن) کے قافلے میں شامل ہوئے، ہزاروں ووٹرز اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، آزاد کشمیر میں نظریہ پاکستان کو ہر قیمت پر مضبوط رکھا جائے گا۔
مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ آصف نے راجہ افتخار اور ان کے ساتھیوں کی شمولیت کو پارٹی کے لیے ایک بڑا سیاسی فروغ قرار دیا۔
راجہ آصف نے کہا کہ تمام امیدواروں اور رہنماؤں نے پارٹی کے فیصلے کو کھلے دل سے قبول کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے تمام رہنما متحد ہو کر انتخابی مہم چلائیں گے۔ راجہ نصیر مرحوم کے سیاسی مشن کو اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ حلقے کی ترقی، عوامی خدمت اور سیاسی استحکام ہمارا بنیادی ایجنڈا ہے۔
مزید پڑھیں:ٹرمپ کی دھمکیوں پر ایران کا امریکا کو بڑا چیلنج سامنے آگیا















