مستونگ (اے بی این نیوز) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کرکٹ میچ اس وقت خونریز واقعے میں تبدیل ہوگیا جب نامعلوم مسلح افراد نے گراؤنڈ میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 2 نوجوان کھلاڑی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ شمس آباد کراس کے قریب کرکٹ گراؤنڈ میں پیش آیا، جہاں جاری میچ کے دوران حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت آیوش اور ساگرکے ناموں سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کے بعد گراؤنڈ میں بھگدڑ مچ گئی اور کھلاڑیوں سمیت تماشائی جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگ نکلے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
واقعے کے خلاف لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ بلاک کر دی، تاہم بعد ازاں ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر کے شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔
مزید پڑھیں:خاتون ملازمہ کو ہراساں کرنا مہنگا پڑ گیا،وفاقی محتسب نے بڑا حکم سنا دیا















