ژوب، پشاور (اے بی این نیوز) شدید بارشوں کے دوران مختلف علاقوں میں مکانات گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نئی آبادی میں مکان گرنے سے خاتون اور بچی جاں بحق جب کہ اسی علاقے میں ایک اور مکان گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
دوسری جانب شمسی کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 8 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چیئرمین میونسپل کمیٹی، ضلعی انتظامیہ اور ہسپتال کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں گزشتہ رات سے شدید بارش اور سیلاب سے نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ پشاور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق خیبر کے علاقے باڑہ ذکا خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2بچے جاں بحق ہوگئے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق باڑہ ذکا خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے تین بچے زخمی ہوگئے۔
پشاور سے پی ڈی ایم اے کے مطابق لوئر چترال میں موسلا دھار بارش سے 27 مکانات متاثر ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لوئر چترال میں سیلاب سے 2 مساجد، 2 دکانیں اور ایک پل کو نقصان پہنچا۔ سیلاب سے 4 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی متاثر ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق اپر چترال کے علاقوں یارخون اور مستوج میں سیلاب سے ایک ایک گھر کو نقصان پہنچا۔ اپر چترال میں متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لوئر چترال میں سیلاب کے باعث بند ہونے والی 2 رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں بڑی ہلچل، خام تیل کی قیمتیں اچانک گر گئیں















