لاہور(اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلبہ کے لیے آسان اقساط پر ایک لاکھ ای بائیکس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں اُن کو بتایا گیا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کی اسمبلنگ کا آغاز ہو چکا ہے اور صوبہ اب الیکٹرک بسوں کی تیاری کی جانب بھی پیش رفت کر رہا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ کو ایک سال کے دوران ایک لاکھ ای بائیکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ ہر بائیک پر پنجاب حکومت 70 ہزار روپے سبسڈی دے گی۔ میل طلبا 14 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ کے بعد بائیک حاصل کر سکیں گے، جبکہ طالبات کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس پنجاب حکومت ادا کرے گی۔ طلبہ کو صرف 2 ہزار 100 روپے ماہانہ بلاسود اقساط ادا کرنا ہوں گی۔ سرکاری ملازمین بھی آسان اقساط پر ای بائیکس حاصل کر سکیں گے۔
اجلاس میں 91 تحصیلوں میں پہلے مرحلے کے تحت 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ مختلف اضلاع کے لیے 189 نئی الیکٹرک بسیں سافٹ لانچنگ کے لیے تیار ہونے سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کوٹ ادو، تلہ گنگ، تونسہ شریف، وہاڑی، لودھراں اور ننکانہ سمیت مختلف اضلاع میں الیکٹرک بس سروس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے اور جہاں 15 سے کم بسیں موجود ہیں وہاں تعداد بڑھانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
مزید پڑھیں۔ملتان میں دلخراش واقعہ، باپ بیٹے کو بغیر کفن دفنانے پہنچ گی، وجہ سامنے آگئی















