بنوں (اے بی این نیوز) بنوں کے علاقے برغنتو میں بم دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا ، زخمیوں کو خلیفہ گل نواز ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او یاسر آفریدی نے بتایا کہ دھماکے کی زد میں ایک مسافر وین اور ایک دوسری گاڑی آئی ہے، مسافر وین گاؤں ہاتھی خیل سے بنوں آ رہی تھی۔ وین میں سوار 5 افراد اور دوسری گاڑی میں سوار 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
دھماکے میں تحصیلدار سب ڈویژن وزیر عابد اللہ کی گاڑی بھی زد میں آئی، جسے نقصان پہنچا، تاہم وہ خود محفوظ رہے۔
کچے اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث متاثرین کو مقامی اسپتال منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اسی دوران اسی مقام پر دوسرا دھماکا بھی ہوا۔
دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کرکے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی















