اسلام آباد (اے بی ین نیوز) امریکا جنگ بندی کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان ہے تاہم قیمتوں میں کمی سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے عالمی تیل مارکیٹ پر مثبت اثرات سامنے آنے لگے ہیں، جس کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے تناظر میں پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 40 روپے سے زائد کمی متوقع ہے۔
تاہم پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی ورکنگ تیار نہیں کی گئی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ہفتہ وار قیمتوں کے ردوبدل سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ بھی ابھی نہیں ہوا، البتہ اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے اور وزیراعظم شہباز شریف قیمتوں میں ممکنہ کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کے خواہاں ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق جمعہ سے قبل قیمتوں میں کمی سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور ہیں، حتمی فیصلہ قیمتوں کے تعین کے لیے مقررہ فارمولے کے تحت کیا جائے گا اور ورکنگ مکمل ہونے کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع کمی کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف خود کریں گے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
امریکی خام تیل 76 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 81 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے، جس کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:عوام کیلئے بڑا ریلیف،مفت سولر ہوم سسٹمز تقسیم کرنے کا اعلان














