اہم خبریں

آن لائن استخارہ کے بہانے خواتین کو بلیک میل کرنیوالا ملزم گرفتار

فیصل آباد(اے بی این نیوز)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن استخارہ کرنے، اور تعویذ دھاگے دینے کے بہانے خواتین کو اپنے جال میں پھنسا کر بلیک میل اور ہراساں کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم آن لائن استخارہ، مختلف تعویذ اور وظائف فراہم کرنے کے نام پر معصوم خواتین کو اپنے جال میں پھنساتا تھا۔

تفتیش کاروں کے مطابق ملزم پہلے دھوکے سے خواتین کا اعتماد حاصل کرتا تھا اور بعد میں بلیک ملیکنگ اور استحصال شروع کر دیتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزم نے دھوکہ دہی کے ذریعے خواتین کی نازیبا تصاویر اور نجی ویڈیوز حاصل کیں اور بعد میں اس مواد کا استعمال کرتے ہوئے متاثرہ خواتین سے بھاری رقوم بٹورنا شروع کر دیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزم کا موبائل فون قبضے میں لے کر فرانزک معائنے کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔

ملزم کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تفتیش کاروں نے سائبر کرائم اور آن لائن بلیک میلنگ کی ان سرگرمیوں میں ملزم کی مدد کرنے والے دیگر ساتھیوں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق معاملے کی تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید گرفتاریوں کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے یہ ایجنسی کی دوسری کارروائی ہے جس میں خواتین کو آن لائن ہراساں کرنے، بلیک میلنگ اور نازیبا مواد کے ذریعے دباؤ ڈالنے کے الزامات پر ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔

تین روز قبل لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں مختلف کارروائیاں کر کے گرفتار افراد کے قبضے سے موبائل فونز، ڈیجیٹل شواہد اور دیگر متعلقہ آلات بھی برآمد کیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: جعلی کرنسی ،شناختی کارڈ ،ڈگریاں اور سرکاری دستاویزات بنانیوالا گروہ پکڑا گیا

متعلقہ خبریں