اسلام آباد (اے بی این نیوز) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کی توقع پیدا ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور معاہدے کے مثبت اثرات عالمی منڈی میں ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں، جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ کے موجودہ رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 70 سے 100 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم تاحال اس حوالے سے باضابطہ ورکنگ مکمل نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چاہتے ہیں کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔ اسی سلسلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مختلف آپشنز پر مشاورت جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ اوگرا کی ورکنگ اور مقررہ فارمولے کے تحت کیا جائے گا، جبکہ قیمتوں میں کمی کا اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد متوقع ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 7 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی ) تقریباً 79 ڈالر فی بیرل اور برطانوی برینٹ خام تیل 81 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں:گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی شرح میں بڑا اضافہ،جانیے اہم خبر















