اسلام آباد: آٹے کی قیمت میں ملک بھر میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2800 روپے تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ قیمت کے مقابلے میں 100 روپے زیادہ ہے۔
دستاویزات کے مطابق کراچی ملک کا سب سے مہنگا شہر بن گیا ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2800 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ اس اضافے نے شہریوں کے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ ڈال دیا ہے جبکہ روزمرہ اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2750 روپے ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد میں یہی تھیلا 2733 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ راولپنڈی میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 2707 روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ کوئٹہ اور بنوں میں اس کی قیمت 2700 روپے ہے۔
حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2600 روپے تک جا پہنچا ہے، جبکہ خضدار اور لاڑکانہ میں یہ قیمت 2400 روپے ریکارڈ کی گئی۔ فیصل آباد میں آٹے کا تھیلا 2350 روپے، گوجرانوالہ میں 2333 روپے، ملتان میں 2267 روپے اور بہاولپور میں 2260 روپے میں دستیاب ہے۔
دستاویزات کے مطابق لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2250 روپے جبکہ سرگودھا اور سیالکوٹ میں 2200 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔ مختلف شہروں میں قیمتوں کا فرق برقرار ہے، تاہم کراچی، پشاور اور اسلام آباد مہنگے ترین شہروں میں شامل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافے سے مہنگائی کے مجموعی دباؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔















