اہم خبریں

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس، متعدد منصوبوں کیلئے اربوں روپے کی منظوری

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں، سیکیورٹی انتظامات اور سرکاری اداروں کی مالی ضروریات کے لیے اربوں روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس اور پالیسی اقدامات کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) پروگرام کے لیے 7 ارب 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی تاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔ اسی طرح کراچی اور حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر پیکیج کے لیے 8 ارب 75 کروڑ 89 لاکھ روپے جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 2 ارب 84 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

ای سی سی نے پاکستان نیوی کے ہنگور منصوبے کے لیے 10 ارب 15 کروڑ روپے کی منظوری دی، جو رافیل ایئرکرافٹ اینڈ فورس ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔ ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی کے لیے 41 کروڑ 39 لاکھ روپے جبکہ اسلام آباد میں امن مذاکرات کے سیکیورٹی انتظامات کے لیے 69 کروڑ 29 لاکھ روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سیف سٹی اسلام آباد منصوبے کی توسیع کے لیے ایک ارب 88 کروڑ 37 لاکھ روپے، نیکٹا کی آپریشنل ضروریات کے لیے 15 کروڑ روپے اور پاکستان لینڈ پورٹس اتھارٹی کے لیے 52 کروڑ 80 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔

امام بارگاہ ترلائی دھماکے کے متاثرین کے لیے 24 کروڑ 10 لاکھ روپے کی امدادی گرانٹ منظور کی گئی، جبکہ گلگت بلتستان حکومت کے اخراجات اور ترجیحی منصوبوں کے لیے 4 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔ ضلع شگر میں ٹیلی کام سہولیات کی بہتری کے لیے ایس سی او کو 18 کروڑ 35 لاکھ روپے فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان منٹ کی جدید کاری اور اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب 30 کروڑ روپے، پی ٹی وی ملازمین کی جون 2026 کی تنخواہوں کے لیے 73 کروڑ 30 لاکھ روپے اور پارلیمانی سیکریٹریز کے اخراجات کے لیے 11 کروڑ 99 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں وفاقی بجٹ کی تیاری سے متعلق خدمات پر بجٹ اعزازیہ پالیسی، آئی پی او پاکستان کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ تخمینوں اور اینگرو ووپک ٹرمینل کی آپریشنل سرگرمیوں کے تسلسل کی بھی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں پی ایس او کے لیے 100 ارب روپے تک کی فنانسنگ سہولت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کمیٹی نے اسلام آباد امن مذاکرات کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قومی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ خبریں