اہم خبریں

فیول سبسڈی سکیم کی دو اقساط جون میں جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: فیول سبسڈی سکیم سے فائدہ اٹھانے والے موٹر سائیکل مالکان، ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور کسانوں کے لیے خوشخبری سامنے آگئی ہے۔ وفاقی حکومت نے جون 2026 کے دوران اسکیم کی پانچویں اور چھٹی قسط ایک ساتھ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے مستحق افراد کو ایک ہی وقت میں زیادہ مالی امداد مل سکے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والے ایک اہم جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مستحق افراد کو دی جانے والی امداد اور اسکیم کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران اسکیم کے تحت چار اقساط کامیابی کے ساتھ ہفتہ وار بنیادوں پر جاری کی جا چکی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ امدادی رقوم کی بروقت تقسیم سے مستحق طبقات کو ایندھن کے بڑھتے اخراجات کے اثرات سے نمٹنے میں مدد ملی ہے۔

اجلاس کے دوران شفافیت، جوابدہی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ کاری کے نظام پر بھی غور کیا گیا۔ نائب وزیرِ اعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امداد کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد فیول سبسڈی سکیم سے فائدہ حاصل کر سکیں۔

حکام کے مطابق مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور ادائیگیوں کے عمل کو شفاف رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی سطح کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور آئندہ مراحل پر تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ خبریں