اہم خبریں

پاکستان کے ثالثی کردار کی عالمی سطح پر پذیرائی جاری

اسلام آباد(اے بی این نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی تجزیہ کار پاکستان کو دونوں فریقین کے درمیان ایک قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

بین الاقوامی نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے علاقائی کشیدگی کے حساس ماحول میں خاموش، منظم اور نتائج پر مبنی سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا، جس نے اسے دیگر علاقائی قوتوں سے ممتاز کر دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی عسکری اور سفارتی قیادت، خصوصاً فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشکل حالات میں امریکہ اور ایران کے درمیان رابطوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا سفارتی انداز تشہیر کے بجائے بیک چینل روابط، خاموش مذاکرات اور عملی نتائج پر مرکوز رہا، جس سے پاکستان کی علاقائی اہمیت مزید مضبوط ہوئی۔

تجزیے کے مطابق پاکستان کی منفرد جغرافیائی حیثیت، عسکری و انٹیلیجنس ساکھ اور امریکہ، ایران، چین، خلیجی ریاستوں اور ترکیہ سمیت مختلف ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات نے اسے ایک مؤثر سفارتی کردار ادا کرنے کے قابل بنایا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کسی سخت نظریاتی صف بندی یا مستقل اتحاد کا حصہ نہ ہونے کے باعث تنازعات میں ایک قابل قبول ثالث کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔

ٹی آر ٹی نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ پاکستان کی عسکری قیادت نے نہ صرف سفارتی محاذ پر سرگرم کردار ادا کیا بلکہ اقتصادی راہداریوں، علاقائی روابط اور سکیورٹی تعاون کو بھی فروغ دینے کی کوشش کی ہے، بدلتی ہوئی مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں یہ عوامل پاکستان کی پوزیشن کو مزید اہم بنا رہے ہیں۔

رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عسکری اور سفارتی ساکھ میں اضافہ ہوا، جبکہ پاک سعودی دفاعی تعاون نے بھی پاکستان کی علاقائی حیثیت کو تقویت بخشی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مغربی سرحدوں پر دہشت گردی کیخلاف سخت موقف نے پاکستان کے کردار کو مزید مضبوط بنایا۔

تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنی سفارتی اہمیت اور اثر و رسوخ برقرار رکھنے کیلئے معاشی چیلنجز پر قابو پانا ہوگا، کیونکہ مضبوط معیشت ہی دیرپا علاقائی اثر پذیری اور عالمی سفارتی کردار کی بنیاد سمجھی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں۔اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ پر قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد دی۔

متعلقہ خبریں