اسلام آباد(اے بی این نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ پر قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد دی۔وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ 10 ذوالحجہ 1447 ہجری کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عید حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی اور اطاعت کی یاد دلاتی ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں قربانی، ایثار، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔ اور حقیقی ایمان یہی ہے کہ انسان اپنے ذاتی مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں وطن عزیز کا فخر ہیں۔ جبکہ دہشت گردی کے خلاف جان دینے والے افراد قوم کے ہیرو ہیں۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ عید کے موقع پر غرباء، مساکین اور مستحق افراد کو بھی خوشیوں میں شامل کیا جائے تاکہ معاشرے میں اتحاد اور یگانگت کو فروغ ملے۔
وزیر اعظم نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری دنیا کو امن، محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے۔















