اسلام آباد (اے بی این نیوز) ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ جون میں بجلی کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا، صارفین 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے بچ گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق بجلی صارفین کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے بوجھ سے بچایا گیا ہے، ایل این جی کی بندش اور مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
پاور ڈویژن کے مطابق صارفین پر 38 ارب روپے کے ممکنہ اضافی بوجھ کو روکا گیا ہے جبکہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ 1.73 روپے فی یونٹ اضافے تک محدود کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل، بجلی کی طلب میں اضافے اور خصوصی پیکیج کی بدولت صارفین کو ریلیف دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی گیس کی اضافی سپلائی اور درآمدی کول پلانٹس سے پیداوار کے ذریعے لوڈ مینجمنٹ کو کم کیا گیا ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق پہلی سہ ماہی میں بجلی کے صارفین 65 ارب روپے کے ریفنڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی بدولت صارفین کو 1.93 روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کو مکمل طور پر ختم کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں کسی اضافے کا کوئی امکان نہیں تاہم تقریباً 20 پیسے فی یونٹ کا ریلیف متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافے کی تجویز، جانیے کتنی رقم ملے گی؟















