اسلام آباد( اے بی این نیوز)عید الاضحیٰ 2026 کے موقع پر شہریوں کے لیے طویل تعطیلات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی اعلان چاند نظر آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق مئی 2026 میں عیدالاضحیٰ کی ممکنہ چھٹیوں کے حوالے سے دلچسپی بڑھ گئی ہے، کیونکہ چاند کی رویت اور ہفتہ وار تعطیلات مل کر 4 سے 5 دن کی مسلسل چھٹیوں کا امکان پیدا کر سکتی ہیں۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے کمیٹی کا اجلاس 17 مئی کو منعقد ہوگا، جس کے بعد عید کی حتمی تاریخ اور سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا جائے گا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق اگر 17 مئی کو چاند نظر آ جاتا ہے تو عید کی تعطیلات 27 سے 29 مئی (بدھ تا جمعہ) تک ہو سکتی ہیں، اور اس کے ساتھ ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں شامل ہو کر مجموعی تعطیلات 5 دن تک بڑھ سکتی ہیں۔
دوسری جانب اگر ذوالحج کا مہینہ 30 دن مکمل کرتا ہے تو عید 28 اور 29 مئی (جمعرات اور جمعہ) کو ہونے کا امکان ہے، جس کے ساتھ ہفتہ وار تعطیلات شامل ہو کر مجموعی طور پر 4 دن کی چھٹیاں بن سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ مسلمانوں کا ایک اہم مذہبی تہوار ہے، جسے دنیا بھر میں عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے، جبکہ اس کا تعلق فریضہ حج کی تکمیل سے بھی ہے جو اسلام کے بنیادی ارکان میں شامل ہے۔
مزید پڑھیں:اب صارفین خود بجلی میٹر ریڈنگ اپ لوڈ کر سکیں گے















