اہم خبریں

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے 19 سے 22 مئی تک ملک کے مختلف حصوں میں چند مقامات پر بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال، لاہور، سیالکوٹ، قصور اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

بلوچستان میں بھی کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور خضدار سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جب کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، پشاور، بنوں، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور لنڈی کوتل کے علاقوں میں بھی بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح گلگت، سکردو، ہنزہ، مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور کوٹلی سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تیز ہواؤں، کمزور تنصیبات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ حساس علاقوں کے مکینوں کو مقامی انتظامیہ اور موسمی ہدایات پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں‌:سونا اور چاندی سستے، تازہ اپڈیٹ سامنے آگئی

متعلقہ خبریں