اہم خبریں

بلوچستان حکومت کی اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ساتھ تاریخی شراکت داری

کوئٹہ ( اے بی این نیوز)) حکومتِ بلوچستان نے اسٹیٹ لائف انشورنس کے ستھ ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت ’’پیپلز ہیلتھ پروگرام‘‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ صوبہ بھر میں ہیلتھ انشورنس کی ایک جامع اسکیم ہے، جو بلوچستان کے 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد حاضر سروس سرکاری ملازمین، پنشنرز اور اُن کے خاندانوں کو کیش لیس طبی سہولیات اور مکمل طبی تحفظ فراہم کرے گی۔

مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کرنے کی تقریب میں متعدد معززاورممتاز شخصیات نے شرکت کی، جن میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی،بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکڑاوراسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر شعیب جاوید حسین شامل تھے ۔اس معاہدے پر مجیب الرحمان پنزئی اور محمد عشر نے باضابطہ طور پر دستخط کیے ۔

اس موقع پراپنے بیان میں بلوچستان کے وزیرصحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ’’پیپلز ہیلتھ پروگرام‘‘ کے تحت ایک مکمل ڈیجیٹل اور کیش لیس ہیلتھ کیئر نظام متعارف کروایا جا رہا ہے، جو روایتی دستی ری ایمبرسمنٹ نظام کی جگہ لے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے سرکاری ملازمین اور اُن کے اہلِ خانہ کو پاکستان بھر میں اسٹیٹ لائف کے پینل میں شامل 1,000 سے زائد سرکاری و نجی اسپتالوں میں معیاری علاج کی سہولت باآسانی دستیاب ہوگی، جس سے بروقت طبی نگہداشت یقینی بنائی جا سکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ لائف کے وسیع نیٹ ورک، مضبوط انتظامی صلاحیت اور قائم شدہ طبی ڈھانچے کی بدولت یہ پروگرام انتظامی کارکردگی کو بہتر بنائے گا، جبکہ مؤثر نظام، تاخیر میں کمی اور خدمات کی فراہمی میں بہتری کے ذریعے حکومت کو نمایاں مالی بچت بھی حاصل ہوگی۔

شعیب جاوید حسین کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کو اس امر پر فخر ہے کہ حکومتِ بلوچستان نے اس اہم پروگرام کے نفاذ کی ذمہ داری ہمارے سپرد کی ہے۔ اپنے ملک گیر نیٹ ورک، ڈیجیٹل کلیمز مینجمنٹ سسٹمز اور بڑے پیمانے پر ہیلتھ انشورنس خدمات کی فراہمی کے وسیع عملی تجربے کی بدولت اسٹیٹ لائف اس قابل ہے کہ وہ پورے صوبے میں معیاری طبی سہولیات تک مؤثر، شفاف اور بلا تعطل رسائی یقینی بنا سکے۔

اسٹیٹ لائف صحت کی سہولیات کو سب تک پہنچانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ ادارہ اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ صحت ایک حق ہے، نہ کہ کوئی مراعات یافتہ سہولت۔ اسی وژن کے تحت اسٹیٹ لائف پاکستان بھر میں بڑے پیمانے پر پائیدار ہیلتھ انشورنس منصوبے فراہم کرنے کے اپنے مینڈیٹ کو مزید مضبوط بنا رہا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مؤثر، منظم اور قابلِ اعتماد طبی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: ہم تو ڈوبے ہیں صنم ان سب کو بھی ساتھ لیکر ڈوبیں گے،انمول پنکی

متعلقہ خبریں