اہم خبریں

سابق بھارتی اداکار آج بطور وزیراعلیٰ تامل ناڈو حلف اٹھائیں گے

نیو دہلی(اے بی این نیوز)شوبز کی دنیا سے سیاست میں قدم رکھنے والے سابق معروف تامل اداکار جوزف وجے آج بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وجے آج چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں حلف برداری تقریب میں وزارت اعلیٰ کا حلف لیں گے۔

بھارتی ریاستی انتخابات میں وجے کی ‘ٹی وی کے’ پارٹی 108 نشستیں حاصل کرتے ہوئے واحد بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فروری 2024 میں بنائی گئی وجےکی جماعت ٹی وی کے تامل ناڈو میں 234 میں سے108 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے، اکثریت کے لیے انہیں118 نشستیں درکار تھیں جو کہ انہیں حلیف جماعتوں کی مدد سے حاصل ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وجے نے ہفتے کے روز گورنر سے ملاقات کی جس میں گورنر راجندر وشواناتھ نے باضابطہ طور پر جوزف وجے کو وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے حکومت بنانے کی دعوت دی تاہم انہوں نے نو منتخب وزیراعلیٰ سے 13 مئی تک اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کا بھی کہہ دیا۔

کانگریس کے 5 ارکان، سی پی آئی کے 2 ، سی پی ایم کے 2 اور انڈین یونین مسلم لیگ کے 2 اور وی سی کے پارٹی کے بھی 2 ارکان اسمبلی نے وجے کی حمایت کا اعلان کیا ہے، اتحادیوں کے ساتھ ملنے پر ٹی وی کے اتحاد کی مجموعی نشستوں کی تعداد 121 بنتی ہیں۔

خیال رہے کہ سپر اسٹار سے سیاست دان بننے والے سابق معروف تامل اداکار جوزف وجے کی نوخیز جماعت تامیلاگا ویٹری کازگام (ٹی وی کے) نے اپنے پہلے ہی الیکشن میں بلاک بسٹر کامیابی حاصل کرکے سب کو حیران کر دیا ہے۔

اس الیکشن میں ٹی وی کے تامل ناڈو میں ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر ابھری ہے جس سے روایتی سیاسی نظام میں بڑی دراڑ پڑگئی ہے۔ اس سے قبل یہاں حکمران جماعت ڈی ایم کے اور اپوزیشن جماعت اے ڈی ایم کےکا زور رہا ہے جو کہ اس مرتبہ بالترتیب 59 اور 47 نشستیں حاصل کرسکی ہیں۔

وجے نے2024 میں اپنے کریئر کے عروج پر فلم انڈسٹری کو خیرباد کہتے ہوئے سیاست میں شمولیت اختیار کی تاہم ان کی سیاسی سرگرمیاں اس سے بہت پہلے شروع ہوچکی تھیں۔
مزید پڑھیں: معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب جاری

متعلقہ خبریں