واشنگٹن(اے بی این نیوز) ایران جنگ میں بہترین ثالثی کے پیشِ نظر امریکی ایوانِ نمائندگان میں پاکستان کی امن کوششوں کی ستائش کی قرارداد پیش کر دی گئی۔
قرار داد امریکی کانگریس کے رکن آل گرین نے ایوان میں پیش کی۔ قرارداد میں پاکستان کو ‘غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ثالث’ قرار دیا گیا۔
امریکی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ تباہ کن جنگ کے دوران پاکستان کا کردار کلیدی رہا، کانگریس رکن ال گرین نے قرار داد میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان نے جانی و مالی نقصان روکنے کے لیے بہترین سہولت کاری فراہم کی، پاکستان نے سفارتی وفود کی میزبانی کے لیے شہروں کی بندش جیسی مشکلات برداشت کیں۔
قرارداد میں مزید گیا کہ اس جنگ کے خاتمے اور پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے، پاکستان نے تعمیری مذاکرات ممکن بنانے میں انتہائی ضروری کردار ادا کیا ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایران جنگ کے نتیجے میں ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، یو این ایچ سی آر کے مطابق جاری تنازع کے نتیجے میں 32 لاکھ افراد بے گھر ہوئے، اس جنگ میں امریکی فوج کے 13اہلکار ہلاک اور 399 سے زائد زخمی ہوئے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ایران جنگ کے مالی اخراجات غیر معمولی سطح تک پہنچ چکے ہیں، معتبر اندازوں کے مطابق جنگ اخراجات تقریباً ایک ارب ڈالر یومیہ ہیں، اس جنگ کے عالمی سطح پر توانائی اورفیول سپلائی پر منفی اثرات پڑے، اس جنگ کا خاتمہ فریقین، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کیلئے بھی فائدہ مند ہوگا۔
مزید پڑھیں: اقوام متحدہ میں ایران مخالف امریکی قراردادمسترد،روس نے خبردار کردیا















