اہم خبریں

گوادر فری زون میں چینی کمپنی ہین گینگ ٹریڈ کا آپریشن بند کرنے کا اعلان

گوادر (اے بی این نیوز) گوادر فری زون میں قائم چینی کمپنی ہین گینگ ٹریڈ نے پاکستان میں اپنا آپریشن بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ کمپنی کے مطابق غیر مارکیٹ عوامل اور آپریشنل رکاوٹوں کے باعث فیکٹری کو مزید چلانا ناممکن ہو گیا ہے۔

کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی فوڈ سیفٹی معیار (HACCP) پر پورا اترنے کے باوجود برآمدات کی منظوری نہیں دی گئی، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ تین ماہ سے متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون کے باوجود مسائل حل نہ ہو سکے، جس سے کمپنی کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

ہین گینگ ٹریڈ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ گوادر پورٹ سی پیک کا ایک اہم منصوبہ ہے، تاہم موجودہ حالات میں یہاں کاروبار جاری رکھنا ادارے کی بس سے باہر ہو چکا ہے۔ کمپنی نے مستقبل کے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے قبل پالیسیوں کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں کا بغور جائزہ لیا جائے۔

کمپنی نے مستحکم روزگار فراہم نہ کر پانے پر اپنے پاکستانی اور چینی ملازمین سے معذرت بھی کی ہے۔

وزیر اعظم کے متوقع دورہ چین سے قبل کمپنی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے واضح، شفاف اور قابل عمل پالیسی ماحول فراہم کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: اسپرٹ ایئرلائنز کی پروازیں بند کرنے کی تیاری

متعلقہ خبریں