جاپان میں ایک بار پھر قدرتی آفت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جہاں 7.5 شدت کے زلزلے نے شمالی علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ زلزلے کے فوراً بعد سونامی وارننگ جاری کر دی گئی اور حکام نے خبردار کیا ہے کہ 3 میٹر تک بلند لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا، جس کے باعث جھٹکے شدید محسوس کیے گئے۔ کئی علاقوں میں لوگ خوف کے باعث گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے جبکہ تاحال کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
چارٹرڈ طیارہ گر کر تباہ ، پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک
حکام نے فوری طور پر ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ ہنگامی ٹاسک فورس بھی قائم کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ سوشل میڈیا پر بھی زلزلے کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں صارفین خوفناک مناظر شیئر کر رہے ہیں۔
حالیہ صورتحال کے پیش نظر امریکا میں بھی سونامی الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس زلزلے کے اثرات خطے سے باہر بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ حکام مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔















