کراچی (اے بی این نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں راولپنڈی اپنا 7 واں میچ ہار گیا، اس بار لاہور قلندرز نے اسے 32 رنز سے شکست دی، جس کے ساتھ ہی راولپنڈی ایونٹ میں پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔
فخر زمان نے بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ نوجوان محمد فاروق نے 41 گیندوں پر 63 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق 18 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آخری لمحات میں آصف علی نے 6 گیندوں پر 18 رنز بنا کر ٹیم کو 200 کا ہندسہ عبور کیا۔
راولپنڈی کی جانب سے محمد عامر اور رضا اللہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈی کے کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 178 رنز بنا سکے۔
نوجوان یاسر خان نے 58 رنز بنائے جب کہ آخری لمحات میں سعد نے 21 گیندوں پر ففٹی اسکور کی لیکن اپنی ٹیم کو فتح کی لکیر سے آگے نہ لے جا سکے، انہوں نے 54 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3، اسامہ میر اور شاہین آفریدی نے 2، 2 جب کہ ڈینیل سمز اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں:افسوسناک خبر،نوجوان کرکٹر انتقال کر گئے















