اسلام آباد( اے بی این نیوز)وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج ایران اور امریکہ کے وفود امن کی خاطر اسلام آباد میں موجود ہیں اور یہ پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی ہے جو وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال انتہائی حساس ہے اور اگر سرحد پار نظر ڈالی جائے تو دھوئیں اور تباہی کے مناظر دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے مطابق پڑوسی ممالک اس وقت شدید بحران سے گزر رہے ہیں جبکہ پاکستان نے اپنی سفارتی حکمت عملی کے باعث خود کو استحکام کی جانب گامزن رکھا ہے۔ پاکستان کی کامیابیاں،پڑوسی جل کر راکھ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے نہ صرف اپنی حفاظت کی بلکہ خطے کو بڑے نقصان اور تباہی سے بھی بچانے میں کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر پاکستان کی یہ کوششیں اس کے وقار میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔اس سے قبل ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں دیگر علاقائی فریقین کو بھی شامل کیا جانا چاہیے تاکہ ایک جامع اور پائیدار حل ممکن ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ کسی بھی معاہدے میں مکمل جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے اور مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر فریقین جنگ بندی کو آگے بڑھانے اور مزید مذاکرات پر متفق ہو جاتے ہیں تو اسے ایک بڑی سفارتی کامیابی تصور کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :ایران کی شرائط سامنے آگئیں،جا نئے تفصیل















