اسلام آباد (اے بی این نیوز)ملک بھر میں عوام کے لیے بڑی خوشخبری متوقع ہے کیونکہ وفاقی حکومت آج ہفتہ وار بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کرنے جا رہی ہے، اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک ہفتے کے لیے تقریباً 70 سے 78 روپے تک کمی متوقع ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 90 سے 100 روپے فی لیٹر تک بڑی کمی کی جا سکتی ہے۔ اگر یہ کمی منظور ہو جاتی ہے تو یہ حالیہ عرصے کی سب سے بڑی ریلیف میں سے ایک ہوگی، جس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور مہنگائی میں بھی کمی آنے کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران تین دن تک عالمی سطح پر قیمتیں تقریباً 17 فیصد تک بڑھیں، تاہم بعد ازاں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد قیمتوں میں تقریباً 16 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی، جس کا فائدہ اب عوام تک منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ہفتے کے آخری روز عالمی مارکیٹ میں معمولی اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ورکنگ آج اوگرا تیار کرے گا، جس کے بعد پیٹرولیم ڈویژن وزیرِاعظم شہباز شریف کی مشاورت سے حتمی ردوبدل کی منظوری دے گا۔ قیمتوں کے تعین کا آخری فیصلہ بھی وزیرِاعظم کی منظوری سے ہی کیا جائے گا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حکومت کو لیوی اور ٹیکسز میں کمی یا اضافے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ اس وقت حکومت پیٹرول پر تقریباً 80 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے، جبکہ ڈیزل پر گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں لیوی میں کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔
مزید پڑھیں :بینک آف پنجاب اور آفس آف اے آئی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط















