اسلام آباد (اے بی این نیوز)وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے عازمینِ حج کے لیے ایک اہم ریلیف اقدام سامنے آیا ہے جس کے تحت حج سے متعلق مختلف مراحل کو سہل اور ایک ہی جگہ مکمل کرنے کا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد عازمین کے وقت، اخراجات اور مشکلات میں کمی لانا ہے۔اعلان کے مطابق ملک بھر کے مختلف شہروں میں قائم حاجی کیمپوں میں اب تربیت، ویکسینیشن، سفری دستاویزات، ٹکٹ، ویزا اور دیگر ضروری مراحل ایک ہی دن میں مکمل کیے جائیں گے۔ اس سہولت سے بڑی تعداد میں عازمین فائدہ اٹھائیں گے اور انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
حکام کے مطابق یہ سروس ایک ونڈو سسٹم کے تحت فراہم کی جا رہی ہے جس میں عازمین کو ایک ہی جگہ پر تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔ ان سہولیات میں حج تربیتی سیشن، لازمی ویکسینیشن، شناختی لاکٹ، لگیج ٹیگز اور ضروری ادویات کی پیکنگ شامل ہے، تاکہ سفر کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ذرائع کے مطابق حج آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز بھی جلد ہو رہا ہے، جس میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، سکھر اور رحیم یار خان کے حاجی کیمپ فعال رہیں گے۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد عازمین مستفید ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق عازمین کی سہولت کے لیے تربیتی اور ویکسینیشن شیڈول ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر بھی فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ بروقت معلومات حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ حاجی کیمپوں میں بینک کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں کرنسی ایکسچینج اور مالی امور کی سہولت دستیاب ہوگی۔حکام نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حاجی کیمپ جاتے وقت اصل شناختی کارڈ اور متعلقہ بینک رسید ساتھ رکھیں تاکہ رجسٹریشن اور دیگر مراحل میں کسی تاخیر کا سامنا نہ ہو۔
مزید پڑھیں :وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں کفایت شعاری مہم کی مبینہ خلاف ورزی کا انکشاف















