اسلام آباد (اے بی این نیوز) حکومت نے پیٹرول پمپس پر ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت شہریوں کی ذاتی گاڑیوں کے لیے پیٹرول کا کوٹہ مقرر کیا جائے گا اور مقررہ کوٹہ سے زیادہ پیٹرول نہیں ملے گا۔
ذرائع کے مطابق، فیول مینجمنٹ سسٹم کے لیے این آئی ٹی بی اور پی ٹی اے سے منظور شدہ موبائل ہینڈ سیٹس استعمال ہوں گے اور پیٹرول کوٹہ کے نفاذ کے لیے پیٹرول پمپس پر موبائل فونز کی فراہمی کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارت آئی ٹی نے پیٹرول پمپس پر فراہم کیے جانے والے موبائل فونز کی جانچ مکمل کرلی ہے، جب کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ نے او ایم سیز کے لیے خریدے جانے والے موبائل فونز کی توثیق بھی کر دی ہے۔
اسی کے ساتھ، موبائل فونز پر فیول مینجمنٹ کے لیے تیار کی گئی اپلیکیشن کی ٹیسٹنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے تاکہ سسٹم کی روانی اور درستگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف پیٹرول کی غیر قانونی تقسیم کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی بلکہ شہریوں کے لیے پیٹرول کی مناسب اور منصفانہ فراہمی بھی یقینی ہوگی۔
مزید پڑھیں:ایران کی باب المندب بند کرنے کی دھمکی، عالمی معیشت پر سنگین اثرات کا خدشہ















