اہم خبریں

زائرین کے لیے بڑی رعایت،عمرہ ویزا سےمتعلق نئی اپڈیٹ جاری

ریاض (اے بی این نیوز) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ جن عمرہ زائرین کے ویزوں کی میعاد ختم ہو چکی ہے انہیں 18 اپریل تک بغیر کسی جرمانے کے اپنے آبائی ممالک واپس جانے کی اجازت دی جائے گی۔

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موجودہ عالمی صورتحال کے باعث مختلف ممالک کے عمرہ زائرین بروقت اپنے ممالک واپس نہیں جا سکے۔ ان عازمین کو خصوصی رعایت دی گئی ہے جن کے ویزوں کی میعاد 8 رمضان (25 فروری 2026) کو ختم ہو گئی تھی اور جو حالات کی وجہ سے سفر نہیں کر سکتے تھے۔

وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے سول ایوی ایشن اور دیگر سرکاری اداروں کے تعاون سے ایک خصوصی آپریشن روم قائم کیا ہے جس کا مقصد عازمین کو درپیش مشکلات کا فوری اور جامع حل فراہم کرنا ہے۔

وزارت حج و عمرہ نے عازمین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ویزوں کی معیاد میں توسیع کے لیے بغیر فیس اور جرمانے کی ادائیگی کے 18 اپریل سے پہلے اپنی واپسی کی سیٹ کنفرم کریں اور وقت سے پہلے ایئرپورٹ پہنچ جائیں تاکہ وہ اس رعایت سے فائدہ اٹھا کر بغیر کسی جرمانے کے اپنے ممالک کے لیے روانہ ہو سکیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے قانون کے مطابق عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کو وقت پر واپسی کو یقینی بنانا ہوگا بصورت دیگر ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں‌:جعلی نوٹیفکیشن نے طلبہ کو پریشان کر دیا، اصل خبر سامنے آگئی

متعلقہ خبریں